ہم میں سے اکثر لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں اللہ سے محبت ہے۔ لیکن ہم میں سے بڑی تعداد اللہ کو نہیں جانتی۔اللہ کے بارے میں نہیں جانتی۔۔ تو پھر محبت کیسی؟ کیا کسی کو جانے بغیر اس سے محبت کا دعوی کیا جا سکتا ہے؟ محبت ہوتی کیا ہے؟ اور کسی کو جاننا کیا ہوتا ہے؟
محبت تو قربانی ہے۔ اور یہ اللہ کی سنت رہی ہے کہ جس کسی نے اس سے محبت کا دعوی کیا وہ خوب آزمایا گیا۔اللہ کے سب سے محبوب بندے ہمارے پیارے رسول اللہ ﷺ کو اتنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے بارے میں ہم اندازہ نہیں لگا سکتے۔ سیرتِ نبوی ﷺ ہمیں بتاتی ہے کہ اللہ کا راستہ پھولوں سے بھرا راستہ نہیں ہے۔ آپ کے قدموں میں کانٹے بچھائے جائیں گے۔ آپ کا اپنا خاندان آپ کے خلاف سب سے پہلے کھڑا ہوگا۔ آپ پر راستے بند کر دیے جائیں گے۔آپ کو تنہا کیا جائے گا۔ آپ سے قربانیاں لی جائیں گی۔ اور پھر آپ کو معراج کروائی جائے گی۔پھرمشکلات میں بھی آپ کی زبان کلمہ شکر ادا کرے گی ۔پھر آپ خاردار راستوں پر بھی حق کے نعرے لگاتے گزروگے۔
لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس سب میں سب سے پہلا سٹیپ کیا ہے؟ کیا کسی کو جانے بغیر آپ اس حد تک جا سکتے ہو؟کیا حق کو پہچانے بغیر آپ اتنی مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے اپنا دل گردہ لگا سکتے ہو؟ ۔۔۔نہیں ۔۔کبھی بھی نہیں۔۔۔۔